بھٹکل،21؍اکتوبر (ایس او نیوز) بیلکےگرام پنچایت کے گورٹے میں دو دن پہلے سابق گرام پنچایت رکن تمیّا نائک کے گھر میں گھس کر چوری کی واردات انجام دینے والے 2ملزمین کو پولیس نے گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا، جبکہ تیسرے مجرم کو دھر دبوچنے کے لئے جال بچھادیاگیا ہے۔
پولیس کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق گرفتا ر کیے گئے ملزمین کی شناخت ہیبلے گرام کے حنیف آباد میں رہنے والے مظفر (20سال) اور ہنومان نگر علاقے کے رہنے والے یونس (20سال) کے طور پر کی گئی ہے۔مفرور ملزم کا نام رضوان ہے جو کہ گُلمی علاقے کا رہنے والا ہے۔بتایا گیا ہے کہ یہ ملزمین پینٹنگ اور تعمیراتی مزدور کے کام کرتے ہیں مگر پیشہ ور اور ماہر چور ہیں ۔ اس سے قبل ساگر ، شیموگہ ، ہوناور وغیرہ کے مختلف علاقوں میں ہوئی چوری کے معاملات میں ملوث پائے گئے ہیں۔ان چوروں نے تمیّا نائک کے گھر سے جو ایک کوئنٹل کاجو کے بیچ چرائے تھے اس کو بھی پولیس نے برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کاجو کے بیج والا وزنی تھیلا لے کر بھاگنا مشکل ہوجانے پر ا ن چورو ں نے اس تھیلے کو قریب کے جنگل میں ہی چھوڑ دیا تھا۔
بھٹکل دیہی پولیس اسٹیشن میں یہ معاملہ درج کیاگیا ہے اور سرکل انسپکٹر دیواکر کی رہنمائی میں تفتیش جاری ہے۔